فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈجکوٹ کا اچانک دورہ کیا اور علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صحت، ریسکیو اور بنیادی سہولیات کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔مسلم لیگی رہنما چوہدری خالد پرویز،میاں قاسم فاروق کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین، عوامی نمائندگان اور علاقہ کے معززین بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈجکوٹ کے زیر تعمیر بلاکس، عمارت کی موجودہ حالت اور تعمیراتی معیار کا بغور معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ہسپتال کی تعمیر میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مریضوں کی سہولت کو ہر مرحلے پر اولین ترجیح دی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 آفس کا معائنہ کیاجہاں انہوں نے دستیاب مشینری کا جائزہ لیا اور ایمبولینس سروس کوفوری طور پر فعال کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران ڈجکوٹ کے مختلف دیہاتوں، بشمول جالندھر، ماجھی وال، سیتلاں اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ان علاقوں میں زیر زمین سیم تھور سے متاثرہ زمینوں میں زرعی بحالی کے لئے ٹیوب ویل لگانے کے احکامات جاری کئے۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے ڈجکوٹ میں قائم عوامی پارکوں کا بھی معائنہ کیا۔ صفائی، ہریالی اور عوامی سہولیات کی بہتری پر متعلقہ افسران کو سراہا اور بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔انہوں نے واٹر سپلائی اور سیوریج سے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہری و دیہی علاقوں کی متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں شفافیت،رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔




