ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع بھر میں گرانفر و شوں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں انفورسمنٹ ٹیمیں متحرک ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔اسی سلسلے میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس صدف ارشاد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مرکزی مارکیٹ کا اچانک دورہ کیا۔ صدف ارشاد عام شہری کا روپ دھار کر رکشے پر مارکیٹ پہنچیں اور مختلف دکانوں سے خریداری کر کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ خفیہ وزٹ کے بعد وہ پیرا فورس اسکواڈ کے ہمراہ دوبارہ مارکیٹ آئیں اور موقع پر ہی قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی۔اوورچارجنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے اور ناجائز منافع خوری پر مختلف دکانداروں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، تمام دکانداروں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد نے کہا کہ عوامی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے بلاامتیاز اور فوری کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی شکایات پر فوری ایکشن ہوگا اور کسی بھی گرانفروش کو رعایت نہیں دی جائے گی




