لاہور( بیورو چیف)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا،مریم نواز کی عوامی خدمت کے باعث مسلم لیگ (ن)ووٹرز کی پہلی ترجیح بن چکی ہے۔ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں کی کامیابی پر راشد بشیر ورک اور اسد حنیف جٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے دونوں امیدواروں نے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی جبکہ دونوں حلقوں میں پارٹی کا مقابلہ متعدد مخالف جماعتوں سے تھا۔عظمی بخاری نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف نے ان جماعتوں کے ساتھ مل کر مسلم لیگ (ن)کے خلاف انتخاب لڑا جنہیں ریاست کالعدم قرار دے چکی ہے، ان جماعتوں کی جانب سے نام تبدیل کرکے کھلے عام سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنا ریاست کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔عظمی بخاری نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ کالعدم قرار دی گئی جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے، دہشتگردی کے حامی عناصر سے وابستہ جماعتیں کھلے عام سیاسی سرگرمیاں کیسے کرسکتی ہیں؟انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ضمنی انتخابات کے دوران ایک کالعدم جماعت کے کارکن الیکشن کمیشن کے عملے کے سامنے مبینہ طور پر جعلی ووٹ ڈالتے رہے، جس کی ویڈیوز بھی انہوں نے شیئر کی تھیں، اس کے باوجود عوام نے ان جماعتوں کو مسترد کردیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تشدد اور دہشتگردی کا بیانیہ شکست کھا گیا جبکہ گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی میں خدمت اور کارکردگی کا بیانیہ کامیاب ہوا ہے۔




