سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر کے ہمراہ ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ کی نئی بلڈنگ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے سی نوشہرہ ثمینہ بشیر، سی ای او ہیلتھ خوشاب صائمہ اکرام نیازی، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ثوبیہ جاوید سمیت محکمہ ہائی وے اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔ایم ایس ڈاکٹر ثوبیہ جاوید نے کمشنر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی میڈیسن اور طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، ان ڈور سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور نئی فنکشنل وارڈز کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر کمشنر سرگودہا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فری میڈیسن ویڑن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔ ہسپتال میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر کیے جائیں تاکہ عوام کو بہترین ماحول میسر آ سکے۔ بعد ازاں کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس نوشہرہ کا دورہ بھی کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ایکسیئن ہائی وے، ڈویلپمنٹ اور واپڈا کے افسران نے منصوبوں پر بریفنگ دی۔




