اسلام آباد (بیوروچیف) طلباء کے لیے میرٹ پر مبنی سکالرشپ کارڈ کا اجرا کیا جارہا ہے، ہنرمند پنجاب پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے طلباء اس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ہنر مند پنجاب کے سوشل میڈیا پیج پر جاری پیغام میں طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو تبدیل کرنے کا موقع ضائع نہ کریں۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے طلباء 100فیصد مفت آئی ٹی ٹریننگ پروگرام میں شریک ہوسکتے ہیں۔نمایاں طلباء کے لیے میرٹ پر مبنی اسکالرشپ کارڈ کا اجرا کیا جارہا ہے۔ اس سکالرشپ کارڈ کے ساتھ طلباء مفت لیپ ٹاپ، سولر پینلز، ای بائیکس اور سکالرشپ کے فوائد اور خصوصی تعاون حاصل کرسکتے ہیں۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ پروگرام پاکستان میں ہر اس طالب علم کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اپنی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے۔ایسے طلباء جو ایک مضبوط کیریئر بنانا چاہتے ہیں اور اعتماد کے ساتھ ڈیجیٹل مستقبل میں قدم رکھنا چاہتے ہیں، ان کا تعلق کسی بھی شہر یا گائوں سے ہو یہ موقع ان کے لیے ہے۔جلد اپلائی کرنے کے لیے طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ صرف پرجوش اور حوصلہ مند طلباء ہی یہ سکالرشپ کارڈ جیتیں گے جبکہ اپلائی کرنے کے لیے طلباء کے ساتھ نمبر بھی شیئر کیا گیا ہے۔




