فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ڈویژنل ماڈل کالج کے ہونہار طالب علموں میں ایوارڈز کی تقسیم پیغام دیتی ہے کہ جہاں6ستمبر1965ء کی جنگ میں پاکستانیوں نے دنیا کو ناقابل تسخیر قوم ہونے کا بتایا وہی آج یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ڈویژنل ماڈل کالج میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ہم اپنے مستقبل سے متعلق ذمہ داریوں سے مکمل واقف ہیں اور جب تک ہمارے تعلیمی ادارے لائق،ہونہار طالب علم دیتے رہیں گے انشا اللہ پاکستان کا جھنڈا اقوام عالم میں ہمیشہ بلند رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی ایک عام نہیں بلکہ خاص ادارہ ہے۔انہوں نے طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈز ماضی کی کارکردگی کے ہیں،آج کا پیغام ہے کہ محنت،لگن جذبے اور فوکس میں نرمی نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈز خالصتا میرٹ پر دیئے گئے لہذا محنت کو شعار بنائیں اور ساری زندگی ایوارڈز جیتیں۔کمشنر نے کہا کہ اس پروپیگنڈہ کو نہیں سننا کہ سفارش اور پیسوں کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا،یقین رکھیں کہ آپ کو یونیورسٹیز میں داخلہ،نتائج سے لیکر عملی زندگی میں میرٹ نظر آئے گا۔انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔اس موقع پر طالب علموں نے ملی نغمے پیش کئے جبکہ مارشل آرٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔کمشنر نے ڈی ایم سی میں سٹیشنری،یونیفارم اور بک شاپ کا افتتاح بھی کیا جبکہ قرآن سنٹر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔پرنسپل ڈی ایم سی نے ادارہ کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔




