لاہور (سپورٹس نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عاقب جاوید نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے یا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ہٹائے جانے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ انگریزی روزنامے ڈان سے گفتگو میں عاقب جاوید نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے استعفے سے متعلق خبریں درست نہیں۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین نے مختصر جواب میں کہا کہ کوئی استعفی نہیں، یہ جعلی خبر ہے۔ عاقب جاوید کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متعدد ذرائع ابلاغ نے اندرونی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے بعد بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری کررہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ممکنہ تبدیلیوں میں عاقب جاوید کو سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا جانا بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ خواتین کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض کو جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز کے بعد ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔تاہم اب عاقب جاوید نے اپنے استعفے یا عہدے سے علیحدگی کی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دیا ہے۔پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور 1992 کے ورلڈ کپ فاتح اسکواڈ کے رکن عاقب جاوید گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم فیصلوں میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ وہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، ان پر ناقدین کی جانب سے کوچنگ اسٹاف اور کپتانوں میں بار بار تبدیلیوں کے حوالے سے بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز کے وسط میں کیے جانے والے اہم فیصلوں اور ٹیم میں تبدیلیوں کو بھی ان کے کردار سے جوڑا گیا تھا۔ لارڈز میں پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا ،اس کے ساتھ ہی ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی تبدیل کردیا گیا تھا۔بعد ازاں پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا اور ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل میں آخری پوزیشن پر چلی گئی۔




