فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ایف ڈی اے سے متعلقہ مقدمات کی مثر انداز میں پیروی کی جائے اس ضمن میں نوٹسز کی تعمیل، ایپل دائر کرنے یا مقدمات میں بروقت پیش ہونے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں لیگل برانچ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل محسن بشیر و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفصیلات کاجائزہ لیا اور حکم دیا کہ مختلف جائیدادوں کے حوالے سے عدالتی حکم امتناعی میں ایف ڈی اے کا جامع مقف پیش ہونا چاہیئے اس ضمن میں قانونی نکات، حکومتی پالیسی اور قواعد و شرائط کا خیال رکھاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی ملکیتی پلاٹس و دیگر جائیدادوں کا مکمل تحفظ ہونا چاہیئے اور ناجائز قابضین کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کسی بھی مزاحمت پر فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں۔ انہوں نے عدالتی ڈگریوں کی تعمیل پرخصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وراثتی انتقالات میں تاخیر نہ کی جائے اس سلسلے میں کوئی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے لیگل برانچ کے تمام ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے، مقدمات کی تواریخ کی واضح نشاندہی اور ہر مقدے کی تازہ ترین صورت حال پر نظر رکھنے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے طریقہ کار کو فعال رکھنے کی تاکید کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے بعض جائیدادوں میں عدالتی حکم امتناعی کی صورت حال اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل محسن بشیر نے مختلف عدالتوں میں زیر سماعت فوری نوعیت کے مقدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔




