فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے دوران امن وامان قائم رکھنے کیلئے ڈویژنل کمشنر مسرت جبیں کا ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ اور جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ اے سی سٹی عادل عمر’ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس’ ایس ایس پی آپریشن عمران ملک’ ایس پی لائلپور ٹائون عابد ظفر نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹ کا وزٹ کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کو کہا کہ وہ الرٹ ہو کر ڈیوٹی سرانجام دیں اور تماممتعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔ جلوسوں کے روٹ کو کلیئر رکھا جائے۔ ضلعی انتظامیہ وپولیس محرم جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کو یقینی بنائے۔ آر پی او نے کہا کہ حساس مقامات پر اضافی نفری اور سخت سکیورٹی اقدامات کئے جائیں جبکہ سیف سٹی کیمروں’ سرچ وسویپ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ اقدامات کے ذریعے سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ عزاداروں کو پُرامن اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے کہا کہ پولیس’ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون واستحکام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کر کے انتظامات بارے دریافت کیا۔




