مکوآنہ (نامہ نگار) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سومیہ جمیل نے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف جاری مہم کے تحت مکوانہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی کلینک سیل کر دیا جبکہ بھاری مقدار میں ایلوپیتھک ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈاکٹر سومیہ جمیل نے مکوانہ کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران متعدد عطائی کلینک مالکان محکمہ صحت کی ٹیم کو دیکھتے ہی اپنے مراکز بند کرکے فرار ہو گئے، جبکہ ایک غیر قانونی کلینک کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔محکمہ صحت کی ٹیم نے کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں ایلوپیتھک ادویات بھی تحویل میں لے لیں اور متعلقہ چالان مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور بھجوا دیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر سومیہ جمیل نے کہا کہ عطائیت انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور کسی فرد کو غیر قانونی طور پر علاج معالجہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔




