لاہور(بیوروچیف)قومی امن کمیٹی کے کوارڈی نیٹر وپاکستان علما ء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام علما ء و خطبا ء امت کو جوڑنے کی طرف توجہ دیں ، رمضان المبا رک میں ضابطہ اخلاق کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے جامع مسجد نمرہ جوہر ٹائون میں رمضان المبارک اور محراب و منبر کی ذمہ داریاں کے حوالے سے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے تمام علما ء و خطبا ء سے اپیل کی کہ وہ امت کو جوڑنے کی طرف توجہ دیں، اس وقت اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، وہ عناصر جو امت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ان کے خاتمہ کیلئے ہمیں بھر پورکردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی مسلک ، مذہب یا مقدس شخصیات کی توہین ہر گز نہیں کرنی چا ہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی امن کمیٹی کا مقصد پیغام پاکستان کو عوامی سطح پر لانا ہوگا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ اسلام آباد مسجد میں ایک بدبخت نے جس کا تعلق اسلام سے کوئی نہیں تھا، خود کش حملہ کیا تو اہلسنت جماعت کے تمام مکاتب فکرامام بارگاہ پہنچے، زخمیوں کیلئے خون دیا جو وحدت و اتحاد کا مظا ہرہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رمضان سے زیادہ قیمتی مہینہ کوئی نہیں جس میں تمام مسالک اپنی عبادات کر تے ہیں، اس ماہ میں اتحاد امت کو اتنا مضبوط کرنا ہے جس کا اثر پورا سال رہے۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام علما ئے کرام و ذاکر دین اسلام کے بیانیہ کو فروغ دیں،دین میں کوئی تشدد نہیں ،نبی آخر الزمان نے نفرتوں کو ختم کرکے محبت و اتحاد کا سبق دیا ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اپنے مسلک کو چھوڑنا نہیں اور دوسرے کو چھیڑنا نہیں ہے،تکفیر وتوہین کا اختیار حکومت کے علاوہ کسی کے پاس نہیں وگرنہ معاشرہ تباہی کی طرف جائے گا ۔علامہ اسلم صدیقی جنرل سیکرٹری پاکستان علما ء کونسل نے کہا کہ پیغام امن کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،رمضان بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے،روزوں سے پرہیز گاری و خوف خدا پیدا ہتا ہے۔ مولانا نعمان حامد نے کہا کہ فتنہ الہندوستان انتہا پسندی اور قتل غارت گری کو فروغ دے رہا ہے،ہمیں ملکی امن و امان یقینی بنانا ہوگی۔ اس موقع پر مفتی فلک شیر اورپروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی ودیگر نے بھی خطا ب کیا۔




