ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5فیصد اضافہ ہوا ہے اور معتمرین میںزیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے بعد 15ذوالحج 1448ہجری سے عمرہ سیزن کا آغاز ہوا تھا اور تب سے لے کر 29محرم تک ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا۔سعودی وزارت کے مطابق پاکستان سے سب سے زیادہ 2 لاکھ عمرہ زائرین آئے، اس کے بعد انڈونیشیا سے ایک لاکھ 70 ہزار اور پھر عراق سے ایک لاکھ 30 ہزار زائرین مملکت پہنچے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا تھا۔ ویزوں کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9مارچ 2027) ہے، جب کہ زائرین کے داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448ھ (23مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے۔سعودی عرب سے زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448ہجری، 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ عمرہ ادائیگی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دوسری جانب پاکستان میں عازمین حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق آن لائن رجسٹرڈ عازمین حج کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار ہوگئی ہے، 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری اور 94 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج واجبات کی آن لائن وصولی کا اعلان جلد متوقع ہے، رجسٹرڈ عازمین وزارت سے رابطے یا رہنمائی کے لیے “پاک حج” ایپ یا حج ہیلپ لائنز کا استعمال کریں۔




