عیدالاضحی اور عشرہ محرم میں قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظا میہ عیدالاضحی اورعشرہ محرم کے دوران قیام امن کیلئے متحرک ہوگئی۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آرپی او سہیل اختر سکھیرا،ڈپٹی کمشنر ز ، سی پی او،ڈی پی اوز اور علماء کرام نے شرکت کی ۔ کمشنر نے علماء کرام کا خیر مقدم اور عید الاضحی انتظا ما ت جبکہ آرپی او نے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ علماء کرام معاشرے کا معتبر طبقہ ہیں،آئندہ جمعہ کے خطبات میں امن و امان، بھا ئی چارہ،مذہبی ہم آہنگی کا پیغام عام کریں جبکہ محراب ومنبر سے عید الاضحی پر صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور ویسٹ ورکرز سے تعاون کا پیغام گلی گلی پہنچائیں۔انہوں نے ماڈل کیٹل مارکیٹس سمیت عارضی سیل پوائنٹس پر کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ عیدگاہوں،مساجد اور پارکس کی صفائی سمیت سکیورٹی انتظامات کو درکار ایس او پیز کے مطابق مکمل کرائے جائیں گے۔آرپی او نے بھی علماء کرام کے مثبت اور جاندار کردار کا ذکر کرتے ہوئے عید الاضحی سکیورٹی پلان سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،علامہ طاہر الحسن،عاشق حسین رضوی،اسلم بھلی،خواجہ شاہد رزاق سکا و دیگر نے امن کے قیام کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں