عیدالاضحی پر مستحق افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری حسام علی وڑائچ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی قر یب آرہی ہے ہمیں چاہئے کہ اس بابر کت موقع پر غریب ‘ نادار اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شا مل کرکے اﷲ تعا لی کی رضا اور حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وآلہ و سلم کی رضا حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ ایثار ‘ قربانی ‘ محبت اور بھائی چارے کا عملی درس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد کو چاہئے کہ وہ اپنے اردگرد موجود سفید پوش خاندانوں کا خاص خیال رکھیں تاکہ کوئی بھی شخص عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے ۔انہوںنے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مقررہ مقامات پر تلف کیا جائے تاکہ تعفن اور گندگی نہ پھیل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ گندگی اور غلاظت کی وجہ سے اکثر بیماریاں جنم لیتی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ انتظامیہ کی ہدایات پر بھر پور عمل کرتے ہوئے آلائشوں کو مخصوص جگہوں پر ہی ٹھکانے لگائیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں