عید الاضحی پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عید الاضحی پر بیوپاریوں اور خریداروں کو قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے معیاری سروسز فراہم کی جائیں گی ۔ اس ضمن میں ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ کے ساتھ ساتھ شہر سے باہر عارضی سیل پوائنٹس بھی قائم کئے جائیں گے تاہم شہر کے اندر قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت پر پابندی عائد ہوگی جس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصرنے عید الاضحی سیل پوائنٹس کے قیام سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔سول ڈیفنس،ٹریفک پولیس،ستھراپنجاب اتھارٹی،میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل، ریسکیو 1122،سیکرٹری آر ٹی اے،لوکل گورنمنٹ ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لئے سیل پوائنٹس کے قیام کا مقصد سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر سرگودھا روڈ،جھنگ روڈ اور ملت روڈ پر سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوٹیفائیڈ مقامات کے علاوہ کسی جگہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت نہیں ہوگی کیونکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا بھی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عارضی سیل پوائنٹس پرسکیورٹی، لائٹنگ،جانوروں کیلئے پانی،چارہ اورصفائی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ٹریفک کی روانی،پارکنگ،واش روم،بیٹھنے کی جگہ کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے سے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور آئندہ اجلاس میں تمام تر پلان پیش کرنے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں