عید پر ضلعی انتظامیہ،پولیس قانون پر عملدرآمد کروانے میں مکمل ناکام رہی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عید پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس قانون پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام رہی’ سڑکوں پر منچلوں کا راج’ سینکڑوں ٹریفک حادثات ہوئے’ ہوائی فائرنگ’ شور شرابا’ طوفان بدتمیزی حد سے زیادہ’ گرانفروشی بھی عروج پر رہی۔ تفصیل کے مطابق عید پر منچلوں’ گرانفروشوں’ ڈاکوئوں اور پارکنگ مافیا نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں’ عید کے تینوں روز سڑکوں پر منچلوں کا راج رہا’ نوجوان موٹرسائیکلوں پر خطرناک طریقے سے ون ویلنگ کرتے رہے اور تیز رفتاری سے موٹرسائیکل چلاتے رہے جس کے باعث ٹریفک کے سینکڑوں حادثات ہوئے اور کئی افراد زخمی ہو گئے اور کئی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نوجوانوں نے موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر بھی عید کے تینوں دن سڑکوں پر طوفان بدتمیزی برپا کئے رکھا’ شہر کے کئی علاقوں میں منچلے جدید اسلحہ سے ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے’ گولیوں کی تڑتڑاہٹ کے باعث شہری خوف کا شکار رہے، منچلوں نے پارکوں اور تفریح گاہوں میں بھی ہلڑبازی اور شور شرابا کئے رکھا جس کے باعث فیملیز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، کئی جگہ پر خواتین سے بدتمیزی کے واقعات بھی ہوئے، عید کے تینوں روز گرانفروشی بھی عروج پر رہی، شہریوں سے ٹماٹر’ پیاز’ ادرک اور دیگر اشیاء کے منہ مانگے نرخ وصول کئے گئے، ہر چیز 40 سے 50روپے مہنگی فروخت کی جاتی رہی، ناجائز منافع خوروں اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے، عید پر قصابوں اور چکن فروشوں نے تو گرانفروشی کی انتہا کر دی۔ چھوٹا’ بڑا گوشت اور چکن منہ مانگے داموں پر فروخت کیا جاتا رہا۔ عید کے تینوں روز قصابوں نے خوب مال کمایا، پارکنگ مافیا بھی کسی سے پیچھے نہیں رہا، پارکنگ فیس بھی شہریوں سے مرضی کی وصول کی جاتی رہی جس کے باعث تفریح گاہوں اور پارکوں میں جانے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ عید پر انتظامیہ گرانفروشی پر کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ کسی افسر نے بازاروں اور دکانوں پر چھاپے نہیں مارے۔ گرانفروشوں اور پارکنگ مافیا کو کھلی چھٹی دیئے رکھی، گرانفروشوں کے ساتھ ساتھ چوروں’ ڈاکوئوں نے بھی عید پر ات مچائے رکھی، عید کے تینوں روز سینکڑوں وارداتوں کے دوران شہریوں کا لاکھوں کا مال وزر لوٹ لیا گیا مگر پولیس جرائم پیشہ عناصر’ چوروں’ ڈاکوئوں پر قابو پانے اور امن وامان قائم کرنے میں ناکام رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شدید پریشان رہے۔دریں ثنا۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر پر ڈاکو اور چور چھائے رہے’ 200 کے لگ بھگ وارداتوں میں شہریوں کو بھاری نقدی’ طلائی زیورات’ قیمتی موبائل فونز اور درجنوں موٹرسائیکلوں سے محروم کر دیا گیا’ ڈاکوئوں کے گروہوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر باپ بیٹے سمیت 4افراد کو لہولہان کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ستارہ کالونی میں کریانہ سٹور پر لوٹ مار کے دوران 2ڈاکوئوں نے مزاحمت پر قوی اور اس کے والد شفیق کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا، دوسرے واقعہ کے دوران نثار کالونی گلی نمبر19 میں ذبیع اﷲ کے بھائی سے پچاس ہزار نقدی’ موبائل فون چھیننے کے دوران ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر گولی مار کر زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں مدینہ ٹائون کے علاقہ لائلپور گیلریا کے قریب چک نمبر 83 گ ب کے رہائشی 19سالہ حیدر سلطان کو ڈاکوئوں نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا، جنرل ہسپتال سمن آباد کے قریب احمد’ جھنگ روڈ پر فیصل’ 215 رب کے نذر حسین’ 61 ج ب میں عثمان’ فتح آباد میں وسیم’ گرین ٹائون میں جاوید کبیر’ کشمیر چوک میں عابد علی’ منصورآباد میں توصیف سلطان’ ظفر اقبال’ 48 ج ب میں افضل’ 7 ج ب میں توصیف احمد’ نشاط آباد میں رانا جنید’ باوا چک میں شاہد عباس’ بائی پاس 113 ج ب میں محمد حسین’ 266 رب میں طاہر’ 60 رب میں ندیم اسلم’ لائلپور پارک کے قریب عمیر اور سلمان شفیق’ جھنگ روڈ پر رومان’ اکبرآباد روڈ پر ندیم’ ربانی کالونی نمبر دو میں عبدالمجید’ بابر چوک میں سہیل یوسف’ ڈی ٹائپ پُل پر عامر’ جہانگیر موڑ پر فرحان’ سمندری روڈ پر محمود’ ستیانہ روڈ پر اظہار’ غلام محمد آباد میں نثار’ جھنگ روڈ پر خالد’ ناظم آباد کے قریب محمود’ باجوہ چوک میں علی حسنین’ اسلام نگر میں ممتاز شاہ’ پل کوریاں پر فرحان’ چناب گارڈن کے قریب ریحان سعید’ پہاڑی والی گرائونڈ کے قریب مصدق علی’ بھٹہ سٹاپ پر وقار احمد’ دھنولہ سیم پل پر شہباز اور دیگر مقامات پر شہریوں سے نقدی’ قیمتی موبائل فونز’ موٹرسائیکل’ طلائی زیورات اورد یگر قیمتی مال واسباب چھین لیا گیا’ پولیس ناکے بندیوں کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کو پکڑ نہ سکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں