فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی تحقیق کو کلاس رومز سے کسانوں کے کھیتوں تک پہنچانے اور قومی غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے اشتراک سے 30 اکتوبر سے 8 نومبر تک دس روزہ گندم آگاہی مہم کا اجراء کرے گی۔ جس کے تحت صوبے کے چھ ڈویژنوں میں تقریباً 30 ہزار طلبہ کو کھیتوں کے دوروں کے لیے متحرک کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد گندم کی بروقت کاشت، زرعی مداخل کے مؤثر استعمال، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت اور جدید کاشتکاری کے طریقوں کو فروغ دے کر گندم کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ پنجاب کے چھ ڈویژنوں گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، ساہیوال، سرگودھا اور فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں کسانوں کے کھیتوں کا دورہ کریں گے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور ملک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم کی پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے براہ راست رابطے کے ذریعے زرعی تحقیق اور اس کے عملی اطلاق کے درمیان خلیج کو کم کرتے ہوئے سائنسی معلومات کو نچلی سطح تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی سائنسی رہنمائی، پائیدار زرعی ٹیکنالوجیز اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے کسانوں کی معاونت کے لیے پُرعزم ہے۔ ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ مہم کے دوران طلبہ کو گندم کی کاشت کے عملی پہلوؤں، بشمول معیاری بیج کا انتخاب، بروقت کاشت، آبپاشی کے مؤثر انتظام، کھادوں کے متوازن استعمال اور ضرر رساں کیڑوں کے تدارک سے آگاہ کیا جائے گا۔




