غزہ جنگ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی’ ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے سے خوش نہیں اور یہ جنگ آئندہ چند ہفتوں میں فیصلہ کن انجام کو پہنچ جائے گی۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ سب کچھ دیکھنا نہیں چاہتے اور اس بھیانک خواب کو ختم کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق اگلے 2سے 3ہفتوں کے اندر غزہ جنگ کے حوالے سے ایک بڑا اور فیصلہ کن نتیجہ سامنے آئے گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں ہم نے سات جنگیں رکوائیں، اور محصولات و تجارتی معاہدوں کے ذریعے بھی جنگیں روکی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یوکرین جنگ بھی ختم کروانا چاہتے ہیں اور امریکا اب یوکرین پر مزید پیسہ خرچ نہیں کرے گا۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ کے الناصر اسپتال پر بمباری کی جس میں ڈیوٹی پر موجود پانچ صحافیوں سمیت 20افراد شہید ہو گئے۔ اسپتال حملے کے بعد خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی صحافی اور ماہر تعلیم حسن دوہان بھی شہید ہوئے۔ ایک ہی دن میں غزہ میں شہید صحافیوں کی تعداد چھ تک جا پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں