غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں صیہونی فوج کا محاصرہ اور جارحیت جاری ہے، کھانے سے محروم بھوکے پیاسے فلسطینی بچے مٹی کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں بربریت جاری ہے، زخمی فلسطینی بچوں پر اسرائیلی حملوں کا خوف طاری ہے، غزہ کے بچے اقوام عالم کے ضمیر پر سوالیہ نشان بن گئے۔ادھر یورپی یونین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دو ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے محاصرے کے باعث انسانی امداد متاثر ہوئی۔اسرائیلی کارروائیاں یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے ایسوسی ایشن معاہدے کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔یہ رپورٹ مئی میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے فیصلے کی روشنی میں تیار کی گئی۔ اب یورپی یونین کے رکن ممالک کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس رپورٹ کے بعد کیا اقدامات کیے جائیں۔ممکنہ آپشنز میں اسرائیل کے ساتھ موجودہ معاہدے کی معطلی یا اقتصادی پابندیوں کا نفاذ شامل ہوسکتا ہے۔




