نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں کانگریسی رہنما سونیا گاندھی نے کہاہے کہ غزہ میں نسل کشی پر بھارت کا خاموش رہنا کسی طور سے بھی ٹھیک نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سونیا گاندھی نے ایک کالم میں کہا کہ فلسطین میں جاری نسل کشی کے اقدامات کے بارے میں نریندر مودی حکومت کی مسلسل خاموشی کو عقلی یا اخلاقی طور پر بیان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی طرف سے اسرائیل پر بالکل ناقابل قبول حملہ شروع کرنے کے ڈھائی سال بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی بے رحمی اور بربریت کی علامت ہے۔سونیا گاندھی نے لکھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت سینئر اسرائیلی رہنمائوں نے غزہ کے مکمل محاصرے کا مطالبہ کیا اور فلسطینیوں کو جانور قرار دیا ہے جنہیں زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف مظالم جاری رکھنے کے قابل بنایا۔ ان سب اقدامات سے باقی دنیا اپنے ضمیر کی آواز کو محسوس کررہی ہے۔




