فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ غلام محمد آباد میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا جبکہ آٹھ بازاروں’ گمٹی چوک’ ایف آئی سی جڑانوالہ روڈ’ پیپلزکالونی نمبر2′ کشمیر پارک پہاڑی گرائونڈ کے گرد ونواح میں ریڑھی چھابڑی فروشوں کا سامان اٹھا لیا’ پیدل چلنے والوں کیلئے راستہ کلیئر کروا دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے انسداد تجاوزات عملہ کے ہمراہ غلام محمد آباد میں آپریشن کرتے ہوئے دکانوں’ گھروں کے باہر پختہ تجاوزات تھڑے’ گیراج وغیرہ کو ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا، انہوں نے کہا کہ تاجر اپنی دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کے لیے خالی رکھیں اور اگر انہوں نے اپنا سامان دکان کے باہر رکھا تو وہ ضبط کرنے کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی ہو گا۔ علاوہ ازیں انہوں نے انسداد تجاوزات عملہ کے ہمراہ ایف آئی سی’ گمٹی چوک کے اردگرد ریڑھی چھابڑی والوں کا سامان اٹھوا کر راستہ کلیئر کروایا۔ اسی طرح جڑانوالہ روڈ’ پیپلزکالونی نمبر2′ کشمیر پارک پہاڑی گرائونڈ’ صابریہ سراجیہ ہائیرسکینڈری سکول کے اردگرد پھل’ سبزی فروشوں’ گولہ’ گول گپے اور دیگر ریڑھی چھابڑی والوں کا سامان ضبط کر کے ان کو بھگا دیا’ جس کے بعد پہاڑی گرائونڈ’ سکول’ مدرسہ کے باہر راستہ صاف ہو گیا اور وہاں سے عارضی تجاوزات کو ختم کروا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے دوبارہ عارضی تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے آٹھ بازاروں کا بھی وزٹ کر کے دکانوں کے باہر سامان رکھنے والے دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔




