فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (انصاف گروپ)اور انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجاب کی مسلسل کاوشیں رنگ لے آئیں ۔وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ کی تمام غلہ منڈیوں میں انٹری فیس ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ انجمنِ آڑھتیاں غلہ منڈی فیصل آباد نے پنجاب بھر کی غلہ منڈیوں سے انٹری فیس ٹیکس ختم کرنے کے تاریخی اور تاجر دوست فیصلے پر وزیراعلی پنجاب کا پرخلوص اور بالخصوص شکریہ ادا کیا ہے۔ تاجر برادری نے اس اقدام کو زراعت اور تجارتی سرگرمیوں کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔اس حوالہ سے انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی انصاف گروپ کی طرف سے اظہار تشکر کے کے لئے ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت صدر حاجی سردار محمد ،چیئر مین رانا طیب خاں، وائس چیئر مین شیخ محسن خالد نے کی جبکہ جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم ،سرپرست اعلی حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید،سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ریلی گھی چینی چوک سے شروع ہو کر منڈی کے مختلف بازاروں کا چکر لگا کر شیخ محسن کی دکان پر اختتام پذیر ہوئی جہاں انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی انصاف گروپ کے صدر حاجی سردار محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلہ منڈی میں 8سال سے نافذ ظالمانہ ٹیکس ختم کروانے پر اپنی پوری ٹیم اور چیئر مین رانا طیب خاں کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے رات دن محنت کر کے پورے پنجاب کی منڈیوں سے یہ ٹیکس ختم کروا دیا ۔چیئر مین رانا طیب خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کی غلہ منڈیوں سے انٹری ٹیکس کے خاتمے کے تاریخی اور تاجر دوست فیصلے پر تاجر برادری اور بالخصوص انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی (انصاف گروپ)کی جانب سے حکومت کے اس اقدام کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے وزیرِ اعلی پنجاب، ڈی جی پنجاب زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (PAMRA) اور چیئرمین پامرا ،وزیر اعلی کی مشیر برائے سپیشسل ٹاسک فورس ،میڈم سلمی بٹ،ای اے ڈی زراعت،سیکر ٹری مارکیٹ کمیٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ہم وزیراعلی پنجاب کے اس انقلابی اور تاجر دوست اقدام کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں۔ انٹری فیس ٹیکس کا خاتمہ تاجر برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے پورا کر کے حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کاروباری طبقے اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔انٹری ٹیکس کا خاتمہ تاجروں، آڑھتیوں اور بالخصوص عام عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔ اس اقدام سے منڈیوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مال کی نقل و حمل میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلہ کے بعد صوبہ بھر کی منڈیوں میں تاجروں اور آڑھتیوں کے درمیان خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انجمن آڑھتیاں انصاف گروپ کے عہدیداران نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ بھی تاجروں اور کسانوں کے حقوق کی حفاظت اور منڈیوں کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔وائس چیئر مین شیخ محسن خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو لوگ ٹیکس ختم کروانے کا جھوٹا کریڈٹ لینا چاہ رہے ہیں وہ تو ان میٹنگز میں شامل بھی نہیں ہوتے تھے جب یہ مذاکرات چل رہے تھے ۔منڈی کے آڑھتیوں کو واضح بتا دوں کہ انٹری ٹیکس ختم کروانے میں صرف اور صرف انصاف گروپ کی دن رات کی محنت شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 20سال منڈی میں اقتدار میں رہنے والوں نے لوگوں کے مسائل حل نہیں کئے جو انصاف گروپ نے اڑھائی سال میں کر دیئے ہیں ۔انساف گروپ منڈی کی ترقی کا ضامن بن چکا ہے ۔آڑھتیوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے حق میں زبر دست نعرے لگائے ۔




