ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) غیر قانونی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، مضر صحت ادویات برآمدڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی نے غیر قانونی ادویات تیار کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ غیر قانونی ادویات ساز فیکٹری پر چھاپہ مارا۔تفصیلات کے مطابق محترمہ کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود کی نگرانی میں ڈرگ انسپکٹرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے مبینہ طور پر غیر معیاری اور مضر صحت ادویات برآمد کی گئیں۔حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ فیکٹری میں موٹاپے سمیت مختلف بیماریوں کے علاج کے نام پر ایسی ادویات تیار کی جا رہی تھیں جن میں سٹیرائیڈز اور دیگر مضر صحت اجزا شامل تھے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی ادویات کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور گردوں، جگر اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کے مطابق ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات کے استعمال سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے ادویات خریدیں۔دریں ثناء ۔جڑانوالہ(نامہ نگار) محکمہ صحت نے انسانی صحت دشمن نیٹ ورک کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ادویات تیار کرنیوالی فیکٹری سیل کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی خصوصی ہدایات پر غیر قانونی طور پر ادویات تیار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد ڈاکٹر شہزاد محمود کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صومیہ جمیل نے ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود رسول پورہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر فیکٹری سے ایسی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کی جو انتہائی غیر معیاری اور خطرناک اجزا سے تیار کی جا رہی تھیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جڑانوالہ ڈاکٹر صومیہ جمیل کا کہنا ہے کہ ادویات میں ممنوعہ سٹیرائیڈز اور دیگر مضر صحت کیمیکلز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا تھا یہ ادویات موٹاپے کے علاج اور دیگر بیماریوں کے جھوٹے دعووں کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت کرنے کیلئے تیار کی جا رہی تھیں۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صومیہ جمیل کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے یہ کارروائی صرف ایک شروعات ہے تحصیل بھر میں غیر قانونی عناصر کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، غیر قانونی ادویات کی تیاری میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے پکڑی جانیوالی فیکٹری سیل کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




