غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائیاں تیز کرنیکی ہدایت

سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹر یٹر میونسپل کارپوریشن سرگودھا حسین احمد رضا چودھر ی نے شہر میں اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی بہتر بنانے، غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے تمام بلاکس اور گلیوں کی نمبرنگ، منظور شدہ نقشہ والی زیر تعمیر عمارتوں پر نمایاں پینافلیکس لگانے اور فوڈ اسٹریٹ کے قیام کے لیے موزوں جگہ کی نشاندہی کرنے کا بھی حکم دیا۔یہ ہدایات انہوں نے میونسپل کارپوریشن دفتر کے دورہ کے موقع پر انتظامی و ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال مخدوم اور مختلف شعبہ جات کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں کا سروے کرکے اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا ترجیحی پلان تیار کیا جائے۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جبکہ منظور شدہ نقشہ والی عمارتوں پر واضح پینافلیکس نصب کیے جائیں۔ انہوں نے بلڈنگ برانچ کی ریکوری بہتر بنانے، شہری شکایات کے فوری ازالے اور ای بی ایس پورٹل پر درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے جاری ترقیاتی منصوبوں، سپورٹس ایریا اور پیچ ورک کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ استقلال آباد گراؤنڈ میں سپورٹس ایرینا کی تجویز، فوڈ اسٹریٹ کے قیام اور مختلف مقامات پر دکانوں کے لیے بھی قابل عمل تجاویز طلب کی گئیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر ایم سی نے جناح ہال اور کارپوریشن لائبریری کا معائینہ کیا اور جناح ہال کی بحالی کا جامع منصوبہ طلب کرتے ہوئے لائبریری کے جاری کام کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں