ساہیوال (بیورو چیف) ساہیوال شہر اور اس کے گردو نواح میں غیر قانونی طور پر کھلا پٹرول اور گیس ریفلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔ملحقہ دیہات میں رہائشی علاقوں کے قریب غیر قانونی طور پر پیٹرول و ڈیزل کی فروخت اور گیس سلنڈر ریفلنگ کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر ملاوٹ شدہ پٹرول سرکاری نرخ سے مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے۔ اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر قانونی دہندہ نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن چکا ہے۔ معمولی سی لا پروائی سے آگ لگنے یا دھما کے کا امکان موجود ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں اور گیس ریفلنگ پوائنٹس کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان دکانوں کو سکولوں، ہسپتالوں اور گنجان آبادی والے علاقوں سے فی الفور دور منتقل کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔




