فائبر شیٹ گودام میں آتشزدگی،2محنت کش جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمن آباد کے علاقہ جوالانگر کالج روڈ پر فائبر شیٹ گودام میں آتشزدگی کے دوران دو محنت کش بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، ریسکیو1122 کی 4گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد کے علاقہ جوالانگر کالج روڈ پر فائبر شیٹ کے گودام میں اسلام نگر کے رہائشی محنت کش 35سالہ ابرار علی ولد عابد علی’ 20سالہ فیصل ولد شہباز اور 25سالہ تیمور ولد عابد علی دکانوں کے اندر ویلڈنگ کا کام کر رہے تھے اور فائبر شیٹ پر پینٹ والا کیمیکل بھی موجود تھا کہ اچانک ویلڈنگ کی چنگاڑی فائبر شیٹ پر گرنے سے آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تو وہاں پر موجود محنت کشوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سامان دکان سے باہر پھینکنے اور آگ کو بھجانے کی کوشش کی تو آگ کی لپیٹ میں آ کر بری طرح جھلس گئے، دکان سے آگ کے شعلے دیکھ کر شہریوں نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تینوں محنت کشوں کو باہر نکالا تو دو محنت کش 35سالہ ابرار علی ولد عابد علی اور 20سالہ فیصل ولد شہباز بری طرح جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ تیسرے نوجوان تیمور ولد عابد علی کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا۔ یاد رہے کہ آگ اتنی شدید تھی کہ ریسکیو1122 کی چار گاڑیوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں