فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ علم و ہنر قومی ترقی کی بنیاد ہے جس کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر وسیع اقدامات کے ساتھ نجی شعبے کا کردار بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں فروغ تعلیم کے لئے خدمات انجام دینے والے فلاحی ادارے حکومت کا گرانقدر بوجھ بانٹ رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چنیوٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام چنیوٹ اسلامیہ سکول و کالج کنال روڈ میں منعقدہ تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چنیوٹ ایجوکیشنل سوسائٹی کے عہدے داران، فیکلٹی ممبرز ماہرین تعلیم اور طلبا و طالبات کثیر تعداد موجود تھی۔ڈاٹریکٹر جنرل ایف ڈی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معیاری اور با مقصد تعلیم سے ہی معاشی و سماجی میدان میں آئندہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے لہذا طالب علم جدید علوم و ٹیکنالوجی کے حصول پر گہری توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ درخشاں کامیابی کا راز محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ کے احترام میں مضمر ہے۔ انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ادارے کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے تعلیمی ادارے ہی معاشرے کی مثبت تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ممتاز پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ قبل ازیں طلبا نے ٹیبلوز، ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ شرکاء نے تقریب کے شاندار انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی۔




