فٹبال سٹیڈیم ٹوبہ میں کبڈی کے مقابلوں کا آغاز

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب انٹر تحصیل کبڈی چیمپئن شپ2026کے تحت شاہین فٹبال اسٹیڈیم ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کبڈی کے شاندار، سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے افتتاحی تقر یب میں شرکت کر کے ایونٹ کا افتتاح کیا اور میچوں کا باقاعدہ آغاز کروایا۔افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، چیف آفیسر ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفسیر دیگر متعلقہ افسران، کھلاڑیوں اور شائقینِ کبڈی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کھلاڑیوں سے تعارف کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت ایسے ایونٹس کا انعقاد صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی، مقبول اور ثقافتی کھیل ہے، جو نہ صرف جسمانی مضبوطی بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور مقابلے کے جذبے کو بھی فروغ دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹر تحصیل سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے ضلعی ٹیم تشکیل دی جائے گی جو بعد ازاں ڈویژنل سطح پر ضلع کی نمائندگی کرے گی، جبکہ کامیاب کھلاڑی پنجاب لیول تک رسائی حاصل کریں گے۔چیمپئن شپ میں ضلع کی چاروں تحصیلوں سے مجموعی طور پر آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ فلڈ لائٹس میں کھیلے گئے ابتدائی اور کوارٹر فائنل مرحلے کے میچز میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل، غیر معمولی پھرتی، طاقت اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں