فیسکو صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیسکو صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام’ گھنٹوں بجلی بند رہنے سے صارفین شدید پریشانٍ تفصیلات کے مطابق آندھی اور بارش شروع ہوتے ہی بجلی بند کر دی جاتی ہے جو کئی کئی گھنٹے بند رہتی ہے، کئی علاقوں میں دو دو تین تین دن بھی نہیں آتی’ متعلقہ افسران ایس ڈی او اور ایکسیئن بالکل عوام سے رابطے میں نہیں ہوتے۔ ٹیلی فون کا ریسور ایک طرف رکھ کر ٹیلی فون آف کر دیتے ہیں۔ عوام فون کر کے تھک جاتے ہیں مگر ان کا کوئی فون ہی نہیں سنتا جس کے باعث عوام ذلیل وخوار ہوتے ہیں۔ چیئرمین فیسکو عمر فاروق خان بالکل منظرنامے سے غائب ہیں وہ ایسے لگتے ہیں جیسے کاغذی طور پر فیسکو کے چیئرمین ہیں، عملی طور پر نہیں، کسی جگہ پر ان کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آتی جو ان کے ذاتی مسئلے مسائل ہوتے ہیں، جن علاقوں میں ان کی فیکٹری کا کوئی مسئلہ ہوتا ہے وہاں چیف ایگزیکٹو فیسکو کے ساتھ نظر آتے ہیں ورنہ وہ بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ وہ صارفین کے مسائل حل کرانے میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔ اگر اتنی مہنگی بجلی کے باوجود صارفین نے اسی طرح خوار ہونا ہے تو پھر فیسکو کو فوری طور پر پرائیویٹ کر دینا چاہیے۔ فیسکو میں نااہل نکموں کی فوج بھرتی کی گئی ہے ان سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہیے، لاکھوں روپے کے بلز مگر کارکردگی صفر ہے۔ صارفین کو اپنے مسائل کے حل کیلئے سفارش کا سہارا لینا پڑتا ہے اور رشوت دینا پڑتی ہے۔ بجلی صارفین نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیکر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقدامات کریں اور نااہل نکمے افسران کو فوری طور پر فیسکو سے فارغ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں