فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیسکو کی نااہلی اور غفلت کے باعث کھمبا گرنے سے بجلی کی تاروں سے کرنٹ لگنے سے دو سگے بھائی جاں بحق ہو گئے’ نعشیں گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھاشکبار، علاقہ کی فضاء سوگوار ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ 145 رب کے رہائشی دو بھائی 27 سالہ محمد قیصر ولد محمد حسین اور 25سالہ قاسم ولد محمد حسین موٹرسائیکل پر فصلوں کو پانی لگانے کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں بجلی کا کھمبا گرا ہوا تھا اور تاریں زمین کو چھو رہی تھیں جب وہ بجلی کی تاروں سے گزرنے لگے تو زور دار جھٹکا لگنے سے گر پڑے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو دونوں بھائی دم توڑ چکے تھے۔ تاہم ریسکیوٹیم نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ورثاء کے حوالے کر دیا اور انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تاروں سے دور رہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بجلی کا کھمبا گرا ہوا تھا اور فیسکو کے افسران کے علم میں بات لائے لیکن انہوں نے اس طرف کوئی توجہ نہ دی۔ فیسکو عملہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث دو بھائی زندگی کی بازی ہار گئے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) غلام محمد آباد کے علاقہ میں علم لگاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے نوجوان لقمہ اجل بن گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ غلام محمد آباد کا رہائشی 20سالہ محمد رمضان عرف رومان اپنے گھر میں علم لگا رہا تھا کہ اچانک لوہے کا راڈ قریب گزرتی ہوئی بجلی کی تاروں کو چھونے سے زوردار بجلی کا جھٹکا لگا اور وہ بری طرح جھلس گیا جبکہ جن افراد نے نیچے سے علم کا راڈ پکڑا ہوا تھا، ان کو بھی کرنٹ لگا تو متاثرہ افراد کو طبی امداد کی غرض سے الائیڈ ہسپتال برن یونٹ پہنچایا جہاں پر محمد رمضان عرف رومان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ محمد رمضان مرحوم کو آج صبح نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد ڈھیرہ سائیں والے قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔




