فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج صبح ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار’ گرمی کا زور ٹوٹ گیا’ فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی بند’ جبکہ واسا کا عملہ شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے متحرک ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق آج صبح سے فیصل آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری’ جسکی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ آج سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی میں 9ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ڈوگر بستی میں 8ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 7′ غلام محمد آباد’ گلستان کالونی میں 6 اور جیل روڈ پر 5ملی میٹر ریکارڈکی گئی۔ بارش کے باعث فیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ نشیبی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا۔ تاہم واسا کا عملہ بارش ہوتے ہی پونڈنگ پوائنٹس پر مشینری کو آپریشنل کر دیا، مین روڈز اور چوراہوں سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا۔دریں ثناء ۔لاہور(بیوروچیف)ملک کے مختلف شہروں میںبارش کا سلسلہ جاری’ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کی ریلوے کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کرمیاں بیوی بیٹی سمیت جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ریسکیو1122کے مطابق گھر کی چھت مٹی اور ٹی ار گارڈر سے بنی ہوئی تھی، ملبے تلے دبے چاروں افراد کو نکال لیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مبین ، 40 سالہ اس کی اہلیہ اور 11 سالہ اس کی ایک بیٹی فاطمہ شامل ہیں۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ چھت گرنے سے 14 سالہ ایمل زخمی ہوئی، جس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں جبکہ اپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔




