فیصل آباد سمیت4شہروں کیلئے 12ترقیاتی سکیمیں منظور

لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت محکمانہ امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی نے متعدد ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی۔اجلاس میں مجموعی طور پر 12 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی جن میں لاہور، فیصل آباد، جہلم اور مری کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کے گنج بخش زون میں دو ڈسپوزل سٹیشنز کی منظوری دی گئی، جبکہ ایل ڈی اے لاہور کی 6ترقیاتی سکیموں کی بھی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ منصوبوں میں لاہور کے ٹوکے والا اور شادباغ چوک کی ری ماڈلنگ شامل ہے، جبکہ شیر شاہ روڈ، پیکو روڈ اور مین مانگا منڈی روڈ کی اپ گریڈیشن بھی پلان کا حصہ ہے۔ اسی طرح فیصل آباد کے ملت ٹان کی سڑکوں اور گلیوں کی بہتری کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔مزید برآں واسا پنجاب کے تحت ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی سکیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت مری میں واٹر سپلائی سکیم کے لیے پمپنگ مشینری جبکہ پنڈ دادنخان (جہلم) میں واٹر سپلائی کی ریگولیشن کی منظوری بھی دی گئی۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق یہ تمام منصوبے عوامی سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے اہم ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق، چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انوارالحق سمیت دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں