فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد شہر اور گرد ونواح میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے روزانہ 2 درجن کے لگ بھگ واقعات پیش آنے لگے’ متعلقہ حکام خاموش تماشائی، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ ہیلتھ نے ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنا شروع کر دیا’ آوارہ کتوں کی تلفی کی اصل ذمہ داری MCF پر عائد ہوتی ہے جہاں اس کام کیلئے ایک پورا شعبہ موجود ہے، شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات پر عوامی حلقوں کا اظہار تشویش۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد شہر اور گرد ونواح میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کو شدید خوف وہراس میں مبتلا کر دیا ہے، صورتحال کس قدر تشویشناک ہو چکی ہے، اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ فیصل آباد میں روزانہ 2درجن کے لگ بھگ واقعات آوارہ کتوں کے کاٹنے کے پیش آنے لگے ہیں، ستم بالائے ستم یہ کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے متاثرہ لوگ جب سرکاری ہسپتالوں کا رخ کریں تو وہاں ان کو ویکسینیشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بزرگوں اور بچوں کااکیلے باہرنکلنا مشکل، شہری حلقے جب آوارہ کتوں کی تلفی کا مطالبہ کریں تو میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور محکمہ صحت کی جانب سے ملبہ ایک دسرے پر ڈالتے ہوئے اپنا دامن چھڑوانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اصل صورتحال یہ ہے کہ MCF میں آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے پورا ایک شعبہ موجود ہے، کمسن بچوں اور نمازوں کیلئے مساجد جانیوالے کئی بزرگوں کو بھی آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد بھر میں آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے.




