فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں آج علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش نے جل تھل کر دیا، شاہراہیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے’ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ تاہم محکمہ واسا کا عملہ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے متحرک ہو گیا’ فیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کے بعد اور آج علی الصبح بھی فیصل آباد میں شدید اور موسلادھار بارش کے دوران فیصل آباد شہر کی اکثر شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ آج صبح سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی میں 77 ملی میٹر’ غلام محمد آباد میں 73ملی میٹر’ ڈوگر بستی میں 72ملی میٹر’ جیل روڈ پر 71ملی میٹر’ مدینہ ٹائون میں 44ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تیز اور موسلادھار بارش نے شہر میں جل تھل کر دیا۔ نشیبی علاقوں میں کئی شہریوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔ گلی’ محلوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے دوران فیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر بارش شروع ہوتے ہی محکمہ واسا کا عملہ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے متحرک ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مین شاہراہوں اور چوراہوں سے بارشی پانی نکالنے کے بعد شہر کے دیگر علاقوں بالخصوص نشیبی علاقوں سے پانی کلیئر کیا جا رہا ہے۔ بارشی پانی نکالنے کیلئے ڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر مشینری پونڈنگ پوائنٹس پر پہنچا دی گئی ہے۔




