فیصل آباد میں لاہور کی طرز کا جدید ایکسپو سنٹر جلد تعمیر ہوگا

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)لاہور کے بعد ملک میں تعمیر ہونے والا نیا ایکسپو سنٹر فیصل آباد میں ہی تعمیر ہوگا اور وہ اس سلسلہ میں فنڈنگ کیلئے وہ بہت جلد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کر رہی ہیں ۔ یہ بات پاکستان ایکسپو سنٹرز لاہور کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ مریم خاور نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہبا زشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز برآمدات بڑھانے کیلئے ملک کے موجودہ بڑے شہروں کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی ایکسپو سنٹر قائم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صنعت کے مطابق نئے ایکسپو سنٹر فیصل آباد اور سیالکوٹ میں تعمیر ہونے چاہئیں جبکہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی رانا احسان افضل خاں نے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک نے ایکسپو سنٹر کیلئے زمین بھی مختص کر دی ہے لیکن ان سنٹرز کو اپنا مالی بوجھ خود اٹھانا ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ لاہور ایکسپو سنٹر کو قائم ہوئے 5سال ہو چکے ہیں جبکہ اس نے 113ایونٹ منعقد کرائے اور یہ اپنے تمام اخراجات خود اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ایکسپو سنٹر کیلئے پلاننگ کمیشن کو لکھ دیا گیا ہے جبکہ احسن اقبال سے ملاقات کے دوران وہ اُن سے مشاورتی پینل کیلئے فنڈز مہیا کرنے کی بھی درخواست کریں گی تاکہ بڈنگ کا کام فوری شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو فنڈنگ کیلئے بھی ترجیح دی جائے تاکہ آئندہ سال اس پر کام شرو ع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل آباد چیمبر کے عہدیدار اُن کے ساتھ وفاقی وزیر سے ملاقات کرنا چاہیں تو انہیں خوشی ہو گی۔ اس سے قبل مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ ٹیکسٹائل اس شہر کی واحد شناخت تھی مگر اب یہاں مختلف قسم کی نئی ، جدید اور ہائی ٹیک انڈسٹریز قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر نے بھی برآمدات میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی تعداد 22,000ہے جو 128مختلف ٹریڈز، سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملکی معاشی ترقی ، برآمدات اور روزگار مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس شہر کو اِس کا جائز حق نہیں دیا گیا۔ تاہم جب وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز لاہور سے باہر نکلیں اور انہوں نے پنجاب کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے تو ہم نے دل کھول کر انہیں داد دی۔ انہوں نے کہا کہ دس سال بعد یہاں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر شروع کی گئی تو چیمبر نے اس کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 57فیصد برآمدات کرنے والے شہر کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا جبکہ چیمبر نے اپنی کوششوں سے یہاں سے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع کرایا اور اب فلائی جناح کراچی کیلئے روزانہ ایک پرواز چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی مصنوعات کی نمائش کیلئے 8-9-10مئی کو لاہورایکسپو کو بک کیا گیا مگر قومی مقصد کی وجہ سے اس کو ملتوی کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کرنے والوں کا ہم سے پہلا سوال یہی ہوتا تھا کہ یہ نمائش فیصل آباد میں کیوں نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر کے قیام کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلہ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے بھی ملیں گے۔ تاہم انہوں نے پاکستان ایکسپو سنٹرز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ مریم خاور سے درخواست کی کہ وہ اُن کی راہنمائی کریں تاکہ اِس کی تعمیر جلد شروع ہو سکے۔ سابق صدر چیمبر میاں جاوید اقبال نے کہا کہ فیصل آباد اور سیالکوٹ کا آپس میں کوئی مقابلہ نہیں ۔ سیالکوٹ میں صرف سرجیکل اور سپورٹس گڈز تیار ہو تی ہیں جبکہ فیصل آباد میں 70کے قریب مختلف مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی آلات کی تیاری میں بھی فیصل آباد سر فہرست ہے۔ یہ اشیاء برآمدبھی ہو رہی ہیں لیکن اگر وہ نمائش لگانا چاہیں تو یہاں ایکسپو سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے حال میں بھی 20بڑے ایکسپورٹرز کی جو فہرست جاری کی اس میں سے 10کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ ایکسپو سنٹر بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے کنونیئر انجینئر بلال جمیل نے کہا کہ 55ارب کے ای ڈی ایف میں 45ارب فیصل آباد کے برآمد کنندگان نے ادا کیا ہے مگر انہیں اس میں سے ایک فیصد بھی نہیں ملا۔ اب اس کو وزارت کامرس کے دائرہ کار سے ہی نکال دیا گیا۔ اس موقع پر معروف صنعتکار میاں محمد لطیف، نائب صدر ایف پی سی سی آئی محترمہ قراة العین، ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، محمد علی ، نوید گلزار ، ایوب اسلم منج، مرزا زاہد اقبال، حاجی محمد عابد اور دیگر برآمد کنندگان نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے محترمہ مریم خاور کو چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے خصوصی کالر پن اور شیلڈ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں