فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد میٹروبس منصوبہ کو 18ماہ میں مکمل کرنے کا ٹارگٹ دے دیا، ٹھیکیدار نے میٹروبس منصوبہ پر کام کو تیز کر دیا اور اس سے متعلقہ جدید مشینری سائٹ پر پہنچا دی گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تمام سرکاری محکموں کو میٹروبس منصوبہ پر آنے والی رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے بجلی’ گیس’ واسا اور دیگر محکموں کو جلدازجلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد میٹروبس منصوبہ پر خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس کو جلدازجلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ یاد رہے کہ فیصل آباد میٹروبس منصوبہ پر 80ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا جو کہ تقریباً 21کلومیٹر لمبا ٹریک روڈز تعمیر ہو گی اور 21مقامات پر اسٹیشنز تعمیر ہونگے۔ میٹروبس جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹائون سے شروع ہو کر فیصل آباد کے مختلف راستوں سے ہو کر جھنگ روڈ پر طاہر آباد کے مقام پر آخری سٹاپ ہو گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میٹروبس منصوبے کے روٹس پر آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ٹھیکیدار نے سائٹ پر بڑی تیزی سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔




