فیصل آباد میں میٹرو بس کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم یو دلشاد احمد کی زیرنگرانی ماس ٹرانزٹ ٹریک پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری’ سی ٹی او کی جانب سے جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگانے سے ٹریفک کا بہائو بہتر ہو گیا، جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹائون سے عبداﷲ پور چوک میونسپل ڈگری کالج فیصل آباد اور جھنگ روڈ پر طاہرہ آباد ائیرپورٹ سے لیکر گلفشاں موڑتک آہنی چادریں لگا کر ٹھیکیدار کی جانب سے ہیوی مشینری کے ذریعے ڈرلنگ اور کھدائی کا کام جاری ہے جبکہ سائٹ ایریا پر پل کیلئے ہیوی پلرز کی تعمیر کا کام بھی زور وشور سے جاری ہے۔ فیصل آباد میں 80ارب کی لاگت سے ماس ٹرانزٹ میٹروبس منصوبہ بنایا گیا ہے۔ جس کی لمبائی 20کلومیٹر ہو گی۔ جڑانوالہ روڈ سے چناب چوک تک برج کی تعمیر ہو گی جبکہ جھنگ روڈ چناب چوک سے طاہرہ آباد تک سڑک کے درمیان میٹروبس کے روٹ کو ترتیب دیا گیا۔ میٹروبس منصوبے کی تعمیر کے دوران شہر کے اہم چوراہوں اور شاہراہوں سے ٹریفک سگنلز ہٹانے سے ٹریفک کے بہائو میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے ایکشن لیتے ہوئے سگنلز ہٹانے والے چوکوں سمیت میٹروبس روٹ پر مختلف مقامات پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں لگا دیں جسکی وجہ سے ٹریفک کے بہائو میں بھی بہتری آ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں