فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرفیصل آباد ڈویژن میں 18لاکھ 34ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت ڈویژنل ویٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھاد،بیج کی مقررہ نرخوں پر وافر دستیابی اور ٹیل تک کسانوں کو نہری پانی کی فراہمی،مکینیکل طریقہ سے بوائی،سپرسیڈرز کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ضلعی کمیٹی میں کسانوں کے مسائل سن کر15روز میں ازالہ کریں اور ٹیل تک نہری پانی کی سو فیصد فراہمی کے حوالے سے متعلقہ نمبرداروں سے رپورٹ لیں۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر کسانوں کو سپر سیڈرز کے حامل کاشتکاروں سے منسلک کریں تاکہ دیگر بھی مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ 20نومبر تک گندم کی کاشت کا ہدف مکمل کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے گندم کی سپورٹ قیمت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کو گندم کی کاشت میں صوبہ بھر میں ٹاپ ڈویژن بنائیں گے۔کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور 15روز بعد دوبارہ اجلاس منعقد کرکے ڈپٹی کمشنرز کو تفوض کردہ اہداف کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود نے اجلاس کو بریفنگ دی۔کسان بورڈ کے نمائندوں نے تجاویز پیش کیں۔چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی اجلاس میں شریک تھے۔




