فیصل آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کا تعاون جاری رہے گا،کمشنر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس کے دوران ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں،عوامی فلاح و بہبود، گڈ گورننس اور حکومتی پالیسیوں پر موثر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے نو تعینات ڈپٹی کمشنر کو مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار، شفافیت، میرٹ اور بہترین انتظامی روایات کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی، شہری مسائل کے بروقت حل، ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور گڈ گورننس کے فروغ کے لئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون سے بھرپور انداز میں کام جاری رکھے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کمشنر فیصل آباد کو یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات اور پالیسیوں پر موثر اور بروقت عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی، عوامی بہبود، بنیادی شہری سہولیات کی بہتری، شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ اور سرکاری خدمات کی موثر فراہمی ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPIs) پر مکمل توجہ دیتے ہوئے تمام اہداف بروقت حاصل کئے جائیں گے جبکہ متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطے اور ٹیم ورک کے ذریعے انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین طرز حکمرانی کے ثمرات فراہم کئے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں