فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کے مرکزی کچہری بازار میں بجلی کا نظام زیرزمین کرنے کے منصوبہ کا آغاز کر دیا گیا’ دیرینہ مطالبہ پورا ہونے پر تاجر برادری اور شہری خوشی سے نہال ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد کے چوک گھنٹہ گھر اور اس سے ملحقہ آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنانے اور بیوٹیفکیشن منصوبہ پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں کچہری بازار کی بجلی کے نظام کو زیرزمین کیا جائے گا اس کے بعد دیگر بازاروں میں بھی بجلی کے نظام کو زیرزمین منتقل کیا جائے گا۔ بجلی کا نظام انڈرگرائونڈ ہونے سے آئے روز شارٹ سرکٹ اور لٹکتے تاروں سے نجات ملے گی۔ بازاروں میں آتشزدگی کی وجہ سے جانی ومالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ بازاروں میں بے ہنگم لٹکتے تار کسی بھی وقت حادثہ کا موجب بن سکتے ہیں، جس پر ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ضلعی انتظامیہ کو 8بازاروں کی خوبصورتی کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ جس کے باعث کچہری بازار میں تمام بجلی کی تاروں کوزیرزمین منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے شہر کی تزئین وآرائش میں اضافہ ہو گا اور بجلی کے نظام میں حفاظت اور استحکام بھی یقینی ہو گا۔ بجلی کا نظام انڈرگرائونڈ کرنے پر تاجروں اور شہریوں کے دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا۔




