کیپ ٹائون (سپورٹس نیوز) پاکستانی رنرز نے کیپ ٹائون میراتھون 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی میراتھون منظرنامے پر پاکستانی رننگ کمیونٹی کا نام روشن کردیا۔ کیپ ٹائون میراتھون کامیابی سے مکمل کرکے کراچی کے فیصل شفیع اور برطانوی پاکستانی رنر ہما رحمن نے عبوری طور پر آٹھواں ورلڈ اسٹار حاصل کرلیا۔ٹیبل مانٹین کے دلکش مناظر کے سائے تلے دوڑی جانے والی اس میراتھون میں دنیا بھر سے 27 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی، تاہم پاکستانی رننگ کمیونٹی کے لیے سب سے نمایاں لمحہ فیصل شفیع اور ہما رحمن کی کارکردگی رہی۔کراچی سے تعلق رکھنے والے فیصل شفیع نے 42.195 کلومیٹر طویل ریس 3 گھنٹے، 35 منٹ اور 37 سیکنڈ میں مکمل کرکے پاکستان میں رہتے ہوئے 8 ورلڈ میراتھون اسٹار مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔فیصل شفیع نے ریس مکمل کرنے کے بعد جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا آٹھواں اسٹار ہے۔ دراصل آٹھواں میجر گزشتہ سال کیپ ٹائون میں ہونا تھا ۔




