اسلام آباد (بیوروچیف)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم کی سربراہی میں کمیٹی نے واہگہ بارڈر کے قریب واقع جوگیہ گاؤں میں جموں و کشمیر ریاستی املاک کا دورہ کیا۔ کمیٹی نے ریاستی اراضی کی حدود، ریکارڈ اور دیگر انتظامی امور کا موقع پر جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر جموں و کشمیر ریاستی املاک، لاہور عدنان خان نے کمیٹی کو ریاستی املاک، اراضی کی حدود، ریکارڈ، انتظامی امور اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے مختلف امور پر سوالات کیے اور متعلقہ حکام سے وضاحتیں بھی طلب کیں۔اس موقع پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر اسد قاسم نے کہا کہ دورے کا مقصد ریاستی املاک کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینا اور درپیش مسائل کا خود مشاہدہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنے مشاہدات اور متعلقہ حکام سے حاصل ہونے والی بریفنگ کی روشنی میں وفاقی حکومت اور حکومتِ پنجاب کو سفارشات پیش کرے گی تاکہ ریاستی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے، املاک کے تحفظ اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی ریاستی املاک کے ریکارڈ کو بہتر بنانے، انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور دیگر ضروری اقدامات کے حوالے سے بھی سفارشات مرتب کرے گی تاکہ ریاستی املاک کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دورے کے اختتام پر قائمہ کمیٹی نے واہگہ بارڈر کا دورہ کیا، جہاں اراکین نے پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔




