گلگت (نامہ نگار) غیر معمولی ماحولیاتی آفات اور دیگر عوامل کے باعث اس سال گلگت بلتستان (جی بی) میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں شدید کمی واقع ہوئی ہے، جس سے مقامی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تنازعات، قدرتی آفات اور دیگر مسائل کی وجہ سے خطے میں سیاحت میں 90فیصد کمی آئی ہے۔جی بی ٹوورا ز م ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد حسین نے بتایا کہ اس سال صرف 270 غیر ملکی کوہ پیما جی بی آئے تاکہ کے ٹو، براڈ پیک، گاشربرم ۔ ون ، گاشربرم۔ٹو اور نانگا پربت جیسی چوٹیوں کو سر کرنے کی کوشش کریں، جب کہ گزشتہ سال دو ہزار سے زیادہ غیر ملکی کوہ پیماں اور ٹریکرز نے علاقے کا رخ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات کی وجہ سے زیادہ تر کوہ پیما کامیابی حاصل نہیں کر سکے، پتھروں کے گرنے، برفانی تودوں اور تیز ہواں نے انہیں اپنی مہمات ترک کرنے پر مجبور کیا اور وہ بیس کیمپ ہی میں رکے رہنے کے بعد واپس اپنے ملک لوٹ گئے۔محکمے کے مطابق، اس سیزن میں صرف 40 کوہ پیما کے ٹو، 25 نانگا پربت اور لگ بھگ ایک درجن گاشربرم۔ون کی چوٹی سر کر سکے۔جی بی ٹورازم ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اقبال حسین نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ سال بغیر پرمٹ 24 ہزار غیر ملکی سیاحوں نے جی بی کا دورہ کیا تھا۔ جب کہ ایک ملین ملکی سیاح بھی آئے تھے، لیکن اس سال صورت حال تشویش ناک ہے، کیوں کہ ملکی اور غیر ملکی دونوں طرح کے سیاحوں کی آمد میں 90فیصد کمی آ گئی ہے۔




