قوموںکی ترقی تعلیم یافتہ نوجوانوں سے ہوتی ہے

نارووال( نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ قوموں کی اصل تعمیر سڑکوں اور عمارتوں سے نہیں بلکہ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور باکردار نوجوانوں سے ہوتی ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جب میں نے یونیورسٹی آف نارووال کے قیام کا خواب دیکھا تھا تو اس کے پیچھے صرفعمارتیں تعمیر کرنا مقصد نہیں تھا بلکہ ایسے نوجوان پیدا کرنا تھا جو علم، کردار اور صلاحیت کے ذریعے پاکستان کا مستقبل روشن کریں۔ آج جب یونیورسٹی آف نارووال کے ایک طالب علم کو لندن کی ریوینسبورن یونیورسٹی سے پراجیکٹ مینجمنٹ میں امتیازی کامیابی کے ساتھ ماسٹرز مکمل کرتے دیکھتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج مجھے نارووال کے ایک نوجوان کا ایسا پیغام موصول ہوا جو میرے لیے پورے دن بھر کے لئے کی توانائی بن گیا۔ دل شکر اور عاجزی کے جذبات سے بھر گیا۔محمد نوخیز نثار باجوہ کا محبت، احترام اور قدردانی سے بھرپور پیغام میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ اصل کامیابی عہدوں، منصبوں یا تعریفی کلمات میں نہیں بلکہ اس بات میں ہے کہ ہماری کاوشیں نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکیں اور انہیں عالمی سطح پر کامیابی کے مواقع فراہم کریں۔انہوں نے کہا میں محمد نوخیز کو اس شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں، محنت اور علم سے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ایسے لمحات مجھے یاد دلاتے ہیں کہ قوموں کی اصل تعمیر سڑکوں اور عمارتوں سے نہیں بلکہ تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور باکردار نوجوانوں سے ہوتی ہے۔ الحمدللہ، نارووال کا تعلیمی انقلاب اپنے ثمرات دینا شروع کر چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں