لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی معاذ صداقت کا اپنڈکس کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا ہے، جس کے باعث وہ کم از کم دو ہفتوں تک کرکٹ سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈکے مطابق معاذ صداقت نے گزشتہ روز ایبٹ آباد اسکواڈ کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا تھا، تاہم بعد ازاں طبیعت خراب ہونے پر ان کا معائنہ کیا گیا۔ڈاکٹروں نے معائنے کے دوران شدید اپنڈیسائٹس کی تشخیص کرتے ہوئے فوری آپریشن کی سفارش کی، جس کے بعد پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کی مشاورت سے لاہور میں ان کی لیپروسکوپک اپنڈیکٹومی کی گئی، جو کامیاب رہی۔پی سی بی کے مطابق معاذ صداقت کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ طبی ماہرین نے انہیں کم از کم دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ مکمل صحت یابی کے بعد معاذ صداقت قومی وائٹ بال کیمپ جوائن کریں گے اور دوبارہ تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔




