لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس کے لیے مجموعی طور پر49کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیاہے۔این سی اے ریڈ بال کیمپ شروع ہو گیا۔ پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ون ڈے سیریز میں شامل وہ کھلاڑی جو ریڈ بال کیمپ کے لیے منتخب کیے گئے ہیں، 15 جون سے کیمپ جوائن کریں گے۔دوسری جانب وائٹ بال کیمپ کا آغاز 15 جون بروز پیر ہوگا اور یہ 18 ستمبر جمعہ تک جاری رہے گا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ دونوں کیمپس کا مقصد کھلاڑیوں کو آئندہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔کیمپ کے دوران کھلاڑی قومی ٹیم اور این سی اے کے کوچز کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے میڈیکل سٹاف کی نگرانی میں اپنی فٹنس اور مہارتوں پر کام کریں گے۔کھلاڑیوں کو کوچز کے ساتھ ون آن ون سیشنز کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر درکار مہارتوں اور فٹنس کے تقاضوں کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ اکیڈمی نے حال ہی میں قومی ٹیم کے بنگلہ دیش کے دورے اور آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹرز کے لیے الگ الگ کیمپس کا انعقاد بھی کیا تھا۔




