فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہبازامیرعلی اعوان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت مضبوط اتحاد اوریگانگت کی ضرورت ہے پاکستان تحریک انصاف 29 سالہ جدوجہد، قربانی اور عوامی خدمت کی علامت ہے اور آج ملک کی سب سے مقبول جماعت بن چکی ہے، پاکستانی قوم بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے ہرگزخوفزدہ نہیں ہو گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں جڑیں ہیں ، ہمارے سیاسی مخالفین بھی بند کمروں میں یہ تسلیم کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں لیکن یہ الگ بات ہے کہ عوام کے سامنے اس کا اعتراف نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جس صورتحال سے دوچار ہے ایسے حالات میں مضبوط اتحاد کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی گیدڑ بھبھکیوں سے پاکستانی قوم کو مرعوب نہیں کر سکتا ، اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو وہ آنکھ پھوڑ دی جائے گی ۔




