فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر رشوت کے الزام میں سرکاری ملازمین سمیت 4 افراد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرکل آفیسر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جڑانوالہ میں چھاپہ مار کر ریکارڈ میں ردوبدل کرنے پر چک نمبر 101 گ ب کے سابق پٹواری مشتاق رجوانہ کو گرفتار کر لیا۔ سابق پٹواری نے ملزمان کو مالی فائدہ پہنچانے کیلئے انتقال کے ریکارڈ ردوبدل کرتے ہوئے 8 کنال 10مرلہ اراضی کو 12کنال 3 مرلہ درج کیا تھا۔ اینٹی کرپشن نے پیرمحل میں محکمہ تحفظ ماحولیات کے ملازم شکیل کو 17لاکھ کے سرکاری فنڈز خردبرد کے الزام میں حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کر دی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کلرک اکمل حسین کو ساڑھے 4لاکھ رشوت لینے کے الزام میں دھر لیا گیا۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن حکام نے بوگس پاور آف اٹارنی تیار کر کے بھاری رشوت وصول کرنے پر شہری منظور حسین کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




