لوڈ شیڈنگ کیخلاف ماموں کانجن کے شہریوں کا احتجاج

ماموں کانجن (نامہ نگار ) ماموں کانجن گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی عوام سراپا احتجاج نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ماموں کانجن شہر اور گرد و نواح میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ بجلی کی بار بار اور طویل بندش کے باعث نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا کوئی باقاعدہ شیڈول نہیں، جس کے باعث روزمرہ کے معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی عدم دستیابی نے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے لیے صورتحال کو مزید اذیت ناک بنا دیا ہے۔دوسری جانب دکانداروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد نے شکایت کی ہے کہ لوڈشیڈنگ کے باعث ان کا کاروبار متاثر ہورہا ہے، شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام کو ذہنی اذیت سے نجات مل سکے۔ شہریوں و کاروباری حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں