فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فراڈیے نے فون پر خود کو لڑکی ظاہر کر کے دو دوستوں کو کنگال کر دیا، ملاقات کیلئے بلایا تو بھانڈا پھوٹ گیا، ملت ٹائون پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے فراڈیے گروہ کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق چنیوٹ بھوآنہ کے رہائشی سرفراز نے تھانہ ملت ٹائون کو درخواست گزارتے ہوئے بتایاکہ کچھ عرصہ قبل اس کے دوست محسن شہزاد ولد اﷲ دتہ کو فون پر کال آئی اور لڑکی کی آواز تھی تو اس نے فون پر دوستی کر لی اور بعدازاں اکثر اوقات واٹس ایپ پر محسن شہزاد سے باتیں کرتی رہی اور اس نے شادی کا جھانسہ دیکر محسن کی تصویر بھی منگوائی اور 26جون کو ملاقات کے بہانے ملت ٹائون سی بلاک بلایا جب وہ وہاں پہنچے تو تین نامعلوم افراد نے موٹرسائیکل پر ساتھ لے گئے اور مختلف گلیوں میں گھماتے رہے اور پھر زبردستی ان سے رقم اور موبائل فون لے لئے اور دھمکی دیتے ہوئے جاز کیش سے بھی رقم منگوا کر فرار ہو گئے۔




